تل ابیب (20 مارچ 2026): اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو منظر عام پر آ گئے اور لائیو پریس کانفرنس میں کہا کہ میں زندہ ہوں۔
ایران جنگ کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کئی روز سے منظر عام سے غائب تھے، جس کے بعد ان کی موت کی افواہوں نے جنم لیا۔
ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی، جب اسرائیل کے آفیشل چینل سے نیتن یاہو کی کئی روز تک کوئی ویڈیو جاری نہیں کی گئی جب کہ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں مشکوک مناظر کے بعد انہیں فیک ویڈیو کہا گیا۔ تاہم گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم منظر عام پر آ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے منظر عام پر آنے کے بعد لائیو پریس کانفرنس کی اور اس میں کہا کہ سب سے پہلے تو میں سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں زندہ ہوں۔
نیتن یاہو نے ایران جنگ میں اہداف، مقاصد اور حکمت عملی پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 20 دن کی لڑائی کے بعد ہم جیت رہے ہیں اور ایران کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران کی فوجی صلاحیت، خاص طور پر اس کے ایٹمی اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ ایران کے میزائل اور ڈرون ہتھیاروں کے ذخائر کو بڑی حد تک تباہ کیا جا رہا ہے اور انھیں مکمل طور پر ختم کرکے دم لیا جائے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس جنگ میں ایران اب یورینیم افزودگی اور بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت سے محروم ہوچکا ہے۔
ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں
نیتن یاہو نے ایران میں زمینی کارروائی کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ ایران میں حکومت یا کسی بھی تبدیلی کے لیے صرف فضائی کارروائیاں کافی نہیں ہوتیں بلکہ زمینی سطح پر بھی اقدامات درکار ہوتے ہیں۔ تاہم وہ اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ آیا ایرانی عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے یا نہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/29AJDwU

0 Comments