Header Ads Widget

Responsive Advertisement

نائجیریا کی فضا میں امریکی جاسوس طیارے کی اڑانیں

واشنگٹن : امریکا گزشتہ ماہ نومبر سے نائجیریا کے مختلف علاقوں کی فضائی نگرانی کر رہا ہے، اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والا امریکی طیارہ گھانا سے اڑان بھرتا ہے۔

امریکی حکام اور فلائٹ ٹریکنگ معلومات کے مطابق یہ پروازیں سیکیورٹی معلومات حاصل کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، جس سے امریکا اور نائجیریا کے درمیان تعاون میں اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارہ رؤئٹرز اس بات کی تصدیق نہیں کرسکا کہ ان پروازوں کے ذریعے کون سی مخصوص معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ تاہم مغربی افریقہ میں یہ سرگرمیاں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں نائجیریا میں مسیحی برادری پر حملوں کو روکنے میں ناکامی پر فوجی مداخلت کی دھمکی دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق یہ پروازیں ہمسایہ ملک نائیجر میں ایک امریکی پائلٹ کے اغوا کے چند ماہ بعد بھی کی جا رہی ہیں جس کے تجت امریکا نے سیکیورٹی اقدامات بڑھا دیے ہیں۔

نگرانی کے لیے استعمال ہونے والا طیارہ عموماً گھانا سے اڑان بھرتا ہے، نائجیریا کے اوپر پرواز کے بعد واپس گھانا کے دارالحکومت اکرا پہنچ جاتا ہے ، اس طیارے کو ایک نجی امریکی کمپنی چلا رہی ہے جو امریکی فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان پروازوں کا مقصد شدت پسند گروہوں، جیسے بوکوحرام اور داعش سے وابستہ تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اغوا کیے گئے امریکی پائلٹ کے بارے میں معلومات بھی اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب نائجیریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں تشدد صرف مسیحیوں کے خلاف نہیں بلکہ مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، تاہم نائجیریا نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امریکی اور نائجیریا حکام کے درمیان حالیہ ملاقاتوں کے بعد یہ نگرانی پروازیں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، حکام کے مطابق یہ اقدامات خطے میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/rEGtB3n

Post a Comment

0 Comments