لندن : برطانیہ میں پولیس نے فلسطین ایکشن گروپ پر پابندی کے خلاف مظاہروں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے پارلیمنٹ اسکوائر پر کریک ڈاؤن کیا، گرفتار ہونے والے مظاہرین فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت میں جمع ہوئے تھے۔
اس حوالے سے لندن میں میٹرو پولیٹن پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پارلیمنٹ اسکوائر میں 41 افراد کو ’’کالعدم تنظیم کی حمایت‘‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد میں خواتین، بزرگ اور طلبا شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے فلسطین ایکشن گروپ کو کالعدم قرار دے رکھا ہے، فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت کرنے والوں کو 14 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم جنگی جرائم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور اس مقصد کے تحت خاموش احتجاج کررہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مانچسٹر، کارڈیف اور نارتھ آئرلینڈ میں بھی اسی قسم کے مظاہرے کیے گئے اور برطانوی اسلحہ ساز کمپنیوں کی عمارتوں پر احتجاج کیا گیا۔
فلسطین ایکشن گروپ پر لاگائی جانے والی اس پابندی کو باقاعدہ طور پر جولائی میں پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا، یہ پابندی اُس وقت لگائی گئی تھی جب گزشتہ ماہ مظاہرین نے ایک فوجی اڈے میں گھس کر دو جہازوں پر سرخ پینٹ پھینک دیا تھا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/a012wuN
0 Comments