Header Ads Widget

Responsive Advertisement

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا ، پاسدارانِ انقلاب

تہران : پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستے کے ذریعے نکلنے کی کوشش کرنے والا ایک سپر آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔

ٹکرانے کے بعد آئل ٹینکر میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، ٹینکر ہائی رسک زون میں داخل ہوکر بارودی سرنگ سے ٹکرایا۔

پاسدارانِ انقلاب کے سرکاری خبر رساں ادارے ’’سپاہ نیوز‘‘ پر جاری بیان کے مطابق مذکورہ تیل بردار جہاز کو ایران نے’خلاف ورزی کرنے والا‘ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایک ایسے راستے کا استعمال کررہا تھا جسے حکام نے غیر مجاز اور انتہائی خطرناک قرار دے رکھا تھا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق سپر ٹینکر خام تیل لے کر آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا اور اس کے نیوی گیشن اور جی پی ایس نظام بند تھے۔ اسی دوران جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی بحریہ نے خبردار کیا کہ متعلقہ راستے کو پہلے ہی ہائی رسک قرار دیا جاچکا تھا، اس لیے ایران کی مقرر کردہ بحری حدود اور ہدایات کو نظرانداز کرکے غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے دیگر آئل ٹینکروں کو بھی ایسے ہی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک بڑے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) بردار جہاز کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق ’’این وی سن شائن‘‘ نامی جہاز آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایک مبینہ غیر قانونی راستے سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا، جس کے دوران اس کے انجن روم اور پروپلشن سسٹم میں آگ لگ گئی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار امریکی فوج کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات اور کارروائیاں خطے میں خطرات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔

ایرانی بحریہ نے مزید سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں اب صرف آبنائے ہرمز تک محدود نہیں رہیں گی اور مقررہ راستوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی جہاز کو سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔

آبنائے ہرمز میں غیر قانونی راستے جلد بند کر دیں گے: پاسداران انقلاب کا اعلان



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/b8DCJ4x

Post a Comment

0 Comments