تہران (03 جون 2026): ایران نے مقتول رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی تدفین کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہادت کے 3 ماہ سے زائد عرصے بعد ایرانی حکام نے پہلی مرتبہ ان کی تدفین کے منصوبوں پر عوامی طور پر تبصرہ کیا ہے۔
امین توکلی زادہ نے منگل کے روز کہا کہ جنازے کی تقریب اسلامی مہینے محرم کے آغاز پر منعقد کی جائے گی، قمری کیلنڈر کے مطابق یہ تقریب جون کے وسط میں متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرکاری تعزیتی اور جنازے کی تقریبات ایرانی دارالحکومت تہران، زیارتی شہر قُم اور خامنہ ای کے آبائی شہر مشہد میں منعقد ہوں گی۔ سابق رہبرِ اعلیٰ کو مشہد میں واقع امام رضا کے روضے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ نائب میئر تہران نے بتایا کہ خامنہ ای نے امام رضا کے روضے میں تدفین کی وصیت کی تھی۔
تہران میں حکام 2 کروڑ تک افراد کے اجتماعات کی تیاری کر رہے ہیں، الوداعی تقریبات 3 روز تک جاری رہیں گی، تہران میں تقریبات کا سلسلہ کم از کم چوبیس گھنٹے تک جاری رہے گا۔ جب کہ پاکستان، افغانستان، بھارت، بنگلادیش سے بھی لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے۔
ایران کا بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور ایئربیس نشانہ بنانے کا دعویٰ
خامنہ ای 28 فروری کو تہران میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ہونے والے اسرائیلی امریکی حملے میں شہید ہوئے تھے، ان کے بعد ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو جانشین مقرر کیا گیا، جو مارچ کے آغاز میں تقرری کے بعد سے عوامی منظر پر نہیں آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ شدید زخمی ہیں۔
ابتدائی طور پر سیکیورٹی وجوہ کی بنا پر سابق رہبرِ اعلیٰ کے لیے بڑے پیمانے پر جنازے کی تقریبات کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ اپریل کے آغاز سے اس تنازع میں جنگ بندی نافذ ہے، تاہم تنازع کے حل کے لیے ہونے والے مذاکرات تاحال کسی اہم پیش رفت کا باعث نہیں بن سکے۔
شہید رہبر کے جنازے کے جلوس تہران، قم اور مشہد میں نکالے جائیں گے، تہران کے نائب میئر محمد امین توکلی زادہ نے ایرانی میٹروپولیٹن شہروں کے ثقافتی و سماجی کمیشن کے اجلاس میں کہا کہ شہید رہبر کے لیے تین روزہ سوگ اور جنازے کے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’ہم دارالحکومت میں ہونے والے جلوس میں ایک کروڑ پچاس لاکھ سے دو کروڑ افراد کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘
توکلی زادہ نے کہا کہ جنازے کی تقریب کم از کم 24 گھنٹے جاری رہے گی۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/x6jcuyQ

0 Comments