روم : اٹلی میں حالیہ دنوں میں تخریب کاری کے دوران پیش آنے والے واقعات میں ریلوے نظام کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث سرمائی اولمپکس کے پہلے روز ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں سرمائی اولمپکس کے دوران ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کے واقعات سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک مسلسل چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اطالوی شہر میں گزشتہ روز تخریب کاروں نے ریلوے نظام کو نقصان پہنچایا جن میں سگنلنگ سسٹم میں توڑ پھوڑ، ریل کی پٹریوں پر اشیاء رکھنا، یا اسٹیشنوں کے قریب آگ لگانے جیسی کارروائیاں شامل ہیں، جن کا مقصد ٹرینوں کی آمدو رفت میں خلل ڈالنا تھا۔
اطالوی حکام نے بتایا کہ ہفتے کی صبح شمالی شہر بولونیا کے قریب ریلوے انفراسٹرکچر کو تخریب کاروں نے نشانہ بنایا، جس کے باعث سرمائی اولمپکس کے پہلے دن ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر پیش آنے والے تین الگ الگ واقعات کے نتیجے میں انٹر سٹی اور علاقائی ٹرین سروسز کو ڈھائی گھنٹے تک تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ان واقعات کو “سنگین تخریب کاری” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پیرس میں 2024 کے سمر اولمپکس کے افتتاحی دن ہونے والے حملوں کی یاد دلاتا ہے، جب فرانس کے ٹی جی وی ہائی اسپیڈ نیٹ ورک کو نشانہ بنا کر سفری نظام درہم برہم کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کا شہر بولونیا انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ اٹلی کے مشرقی و مغربی راستوں کو جوڑنے کے ساتھ ساتھ جنوبی علاقوں کو میلان اور وینس سے ملاتا ہے۔
سرمائی کھیلوں کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی بڑی تعداد ان ہی راستوں سے سفر کرتی ہے، اس لیے یہاں معمولی خلل بھی بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
تاحال کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، مگر حکام کو شبہ ہے کہ یہ واقعات منظم منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/RWTnPIi

0 Comments