ٹی20 ورلڈ کپ 2026میں پاک بھارت میچ نہ ہونے سے ہونے والے مالی نقصانات کے پیش نظر آئی سی سی نے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردیے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر آئی سی سی کی نیندیں حرام ہوگئیں، پاکستان کو منانے کیلیے سر توڑ کوششیں شروع کردیں۔
اس حوالے سے کھیلوں کے تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو منانے کیلیے بیک ڈور ڈپلومیسی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کو بھارت سے میچ کھیلنے پر قائل کرنے کا ٹاسک کونسل کے ڈپٹی چیئرمین اور سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے عمران خواجہ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، آئی سی سی نے عمران خواجہ کو ’پیس میکر‘ کا کردار نبھانے کا کہا ہے۔
اس کے علاوہ پاک بھارت میچ کے انعقاد کے لیے براڈ کاسٹرز بھی آئی سی سی پر دباؤ ڈال رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے بنگلادیش سے اظہار یکجہتی اور آئی سی سی کے دہرے معیار پر بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔
شاہد ہاشمی نے بتایا کہ پاکستانی فیصلے پر آئی سی سی نے اپنے ردعمل میں بہت محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے پی سی بی کو بتایا کہ اس فیصلے کے نتائج بہت نقصان دہ ہوسکتے ہیں اگر آپ اس کا کوئی مناسب اور قابل قبول حل نکال لیں تو ایونٹ کیلیے بہتر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ براڈ کاسٹرز کے پاس دبئی سے آئی سی سی کے دو نمائندے جیو اسٹار کے مالک انیل امبانی سے خصوصی ملاقات کیلیے ممبئی پہنچے ہیں تاکہ صورتحال پر قابو پانے کیلیے کوئی حمکت عملی مرتب کی جاسکے۔ امکان ہے کہ مسئلے کے حل کیلیے بورڈ کا اجلاس بھی بلایا جاسکتا ہے۔
شاہد ہاشمی نے کہا کہ یہ بات تو طے ہے کہ پاکستانی حکومت اپنے مؤقف پر قائم ہے اس کے جواب میں آئی سی سی کیا کرتی ہے یہ آنے والا وقت بتائے گا۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کوئی نئی بات نہیں۔ اگرآئی سی سی اس حوالے سے کوئی بورڈ میٹنگ بلاتا ہے تو پاکستان کو اپنا مؤقف بیان کرنے میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتوں کی ابتدا بھارت کی جانب سے ہی شروع کی گئی تھی، اسی تناظر میں بنگلہ دیش کو بھی ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت ملنی چاہیے تھی۔
آئی سی سی، بھارت حیران و پریشان ہیں، پاکستان نے غیرمعمولی فیصلہ کیا، سابق انگلش کرکٹر
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/atdRbCz

0 Comments