نئی دہلی : بھارت میں منظم طریقے سے پرکشش ملازمت کا جھانسہ دے کر درجنوں بےروزگار نوجوانوں کو لوٹ لیا گیا، جعلی ایئر لائن میں ملازمت کا فراڈ بے نقاب ہوگیا۔
بھارت میں روزگار کی تلاش میں سرگرداں نوجوان ایک بار پھر جعلی بھرتی مافیا کے نشانے پر آگئے، جہاں ایک ایسی ایئرلائن کے نام پر امیدواروں کو لوٹا گیا جو حقیقت میں وجود ہی نہیں رکھتی تھی۔
دہلی پولیس کے مطابق نوجوانوں کو چکنی چپڑی باتوں سے بہلا کر ’برٹس ایئر ویز‘کے نام سے جعلی ایئرلائن قائم کرکے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملازمتوں کے خواب دکھائے گئے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر اشتہارات، جعلی ویب سائٹس، فرضی ایچ آر افسران اور جعلی آفر لیٹرز کے ذریعے نوجوانوں کو اعتماد میں لے کر ان سے ہزاروں روپے بٹورے گئے۔
پولیس نے مبینہ فراڈ میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں مبینہ مرکزی ملزم، اس کا ساتھی، ایک ویب سائٹ ڈویلپر اور تین خواتین ٹیلی کالرز شامل ہیں، پولیس کے مطابق گروہ کا نیٹ ورک نوئیڈا سے چلایا جا رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق امیدواروں کو بتایا جاتا تھا کہ ایئرپورٹ پر ملازمت حاصل کرنے سے قبل انہیں ایوی ایشن یا ایئرپورٹ مینجمنٹ کا لازمی کورس کرنا ہوگا، جس کے نام پر ہر امیدوار سے 7 ہزار سے 10 ہزار بھارتی روپے وصول کیے جاتے تھے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک نوجوان نے 10 جون کو انسٹاگرام پر ’برٹش ایئر ویز‘کا اشتہار دیکھا۔ رابطہ کرنے پر ایک خاتون نے خود کو ایئرلائن کی ایچ آر نمائندہ ظاہر کیا اور امیدوار سے آدھار کارڈ، پین کارڈ، تعلیمی اسناد اور سی وی واٹس ایپ کے ذریعے طلب کیے۔
بعد ازاں امیدوار سے ’فیوچر ونگس لرننگ انسٹی ٹیوٹ‘ کے نام سے ایک ادارے میں ایوی ایشن ڈپلومہ کے لیے 7 ہزار روپے وصول کیے گئے۔ اسے مبینہ طور پر داخلہ رسید، این او سی اور ملازمت کا آفر لیٹر بھی فراہم کیا گیا۔
تاہم جب امیدوار نے ’برٹش ایئر ویز‘ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو اسے معلوم ہوا کہ ایسی کوئی حقیقی ایئرلائن موجود ہی نہیں۔ فراڈ کرنے والوں کے فون نمبرز بھی بند ہوگئے، جس کے بعد اس نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران فون ریکارڈ، بینک اور یو پی آئی لین دین، ویب سائٹس کی رجسٹریشن اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں 23 سالہ سندیپ کمار اور 27 سالہ اکھل کمار سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ، 8 موبائل فون، 8سم کارڈز اور ملازمت کے خواہشمند افراد کا ڈیٹا رکھنے والی 2 رجسٹرز بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر ’برٹش ایئر ویز‘ اور اس سے منسلک نمبرز و بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے 10 شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف شکایات سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر ایئرلائن اور اداروں کے نام، دفاتر، سم کارڈز اور موبائل فون تبدیل کرکے نیا نیٹ ورک شروع کر دیتے تھے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/vsgDHd2

0 Comments