Header Ads Widget

Responsive Advertisement

ایپل کا سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

کیلیفورنیا : امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کٹوتیوں کا آغاز  کردیا۔

گزشتہ سالوں کی طرح سال 2026 میں دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر کمپنی ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ جن کمپنیوں نے اجتماعی طور پر اپنے ملازمین کو فارغ کیا ہے ان میں آئی فون تیار کرنے والی مشہور کمپنی ایپل نے ایک بار پھر اپنے 200 ملازمین کو برطرف کردیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے اپنے ویژن پرو اور سری ڈویژنز میں 200 سے زائد ملازمتیں ختم کردی ہیں، کمپنی نے یہ اقدام اپنی مصنوعات کی ترجیحات تبدیل کرتے ہوئے اسمارٹ گلاسز اور مصنوعی ذہانت کی نئی نسل کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا ہے۔

جو 200 ملازمتیں ختم کی گئی ہیں ان میں لگ بھگ نصف ویژن پرو ڈویژن جبکہ باقی ملازمتیں سری اور اس سے متعلق سافٹ ویئر ٹیموں سے کی گئی ہیں۔

ویژن پرو ڈویژن میں زیادہ تر کٹوتیاں ان ٹیموں میں کی گئی ہیں جو گیمنگ اور امیرسیو ویڈیو پر کام کر رہی تھیں۔ ایپل کے مطابق کمپنی نے ویژن پرو اور اس کے ویژن او ایس آپریٹنگ سسٹم کو ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، تاہم بدلتی ہوئی مصنوعات کی ترجیحات کے باعث ٹیموں کی تنظیم نو کی جا رہی ہے۔

سری کی ٹیم میں ہونے والی کٹوتیوں کا زیادہ اثر پرانے ورژن کے اسسٹنٹ پر کام کرنے والے ملازمین پر پڑا ہے کیونکہ ایپل کی نئی مصنوعی ذہانت سے لیس سری کے لیے مختلف نوعیت کی مہارتوں کی ضرورت ہے۔

ایپل نے ملازمین کی تعداد میں کمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم نو کے نتیجے میں کچھ نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی، تاہم محدود تعداد میں موجودہ عہدے متاثر ہوں گے۔

کمپنی نے متاثرہ ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دیگر عہدوں کے لیے درخواست دینے کے مواقع فراہم کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

ایپل کی جانب سے ویژن پرو پر توجہ کم کرنے کا امکان گزشتہ برس سامنے آنے والی ان رپورٹس کے بعد مزید واضح ہوگیا تھا جن میں کہا گیا تھا کہ کمپنی نے ویژن پرو کے فوری جانشین کی تیاری کو مؤخر کرکے میٹا کے اسمارٹ گلاسز کی طرز پر مصنوعی ذہانت سے لیس گلاسز کی تیاری پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ویژن پرو کی نگرانی کرنے والے ایپل کے ایک نائب صدر بھی حال ہی میں کمپنی چھوڑ کر اوپن اے آئی سے وابستہ ہوگئے، جبکہ ویژن پرو کے بعض منصوبوں پر کام کرنے والی ٹیموں کو مبینہ طور پر مستقبل کے آّگمنٹڈ ریالٹی گلاسز کی تیاری کی جانب منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایپل اپنی پرانی سری سے بھی بتدریج دور ہورہا ہے اور آئی ایس او 27 کے ساتھ متعارف کرائے گئے نئے اے آئی پر مبنی اسسٹنٹ کو آگے بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔

ویژن پرو کی ایک اہم خصوصیت امیرسیو ویڈیو رہی ہے، تاہم رپورٹ کے مطابق ایپل نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اس نوعیت کا مواد تیار کرنے کی لاگت اس کے محدود صارفین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

3ہزار699 ڈالر قیمت کے باعث ویژن پرو کو بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ اس کے وزن اور استعمال کے تجربے کو بھی بعض صارفین نے پیچیدہ قرار دیا۔

اس کے باوجود ایپل نے ملازمین کو بتایا ہے کہ ویژن پرو اور ویژن او ایس ختم نہیں کیے جا رہے اور کمپنی 2028 کے اوائل تک اس کی نئی نسل کا ماڈل متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

تاہم اسمارٹ گلاسز کی جانب بڑھتی ہوئی توجہ کے باعث ویژن پرو کی گیمنگ اور امیرسیو ویڈیو سے متعلق ٹیموں میں مزید تبدیلیاں اور کٹوتیاں خارج از امکان نہیں سمجھی جا رہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سال 2024 میں ایپل نے کیلیفورنیا کے آفس سے 600 سے زیادہ ملازمین کو برطرف کیا تھا۔ کمپنی نے برطرفیوں کا یہ فیصلہ کار اور اسمارٹ واچ ڈسپلے پروجیکٹ کے بند ہونے کی وجہ سے لیا تھا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/nqaNsRh

Post a Comment

0 Comments