واشنگٹن (24 جولائی 2026): امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگان نے ایران جنگ میں ہلاک 4 امریکی فوجیوں کا ریکارڈ ویب سائٹ سے ہٹا دیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی فوجی ہیڈ کوارٹر پینٹاگان نے جنگی ہلاکتوں کی اپنی ویب سائٹ سے ایران جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سے 4 فوجیوں کا ریکارڈ ہٹا دیا ہے۔
مذکورہ ویب سائٹ میں جنگوں میں ہلاک امریکی فوجیوں کی معلومات درج کی جاتی ہیں۔ چار فوجیوں کی ہلاکتوں کا ریکارڈ ہٹانے سے اب ایران جنگ میں امریکی فوجیوں کی سرکاری تعداد 18 سے کم ہو کر 14 رہ گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جن فوجیوں کی ہلاکتوں کا ریکارڈ ویب سائٹ سے ہٹایا گیا ہے، ان چاروں امریکی فوجیوں کی لاشیں بدھ کو ڈوور ایئرفورس بیس پہنچائی گئیں تھیں۔
ان میں تین فوجی اردن میں ایرانی حملوں میں مارے گئے تھے جب کہ ایک فوجی عراق میں ڈرون ناکارہ بناتے ہوئے ہلاک ہوا تھا۔
دوسری جانب نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران جنگ میں شدید زخمی تقریباً 10 امریکی فوجیوں کو جرمنی میں امریکی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اہلکار جولائی کے آغاز سے شروع ہونے والے حملوں میں زخمی 100 اہلکاروں میں شامل ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع نے پہلے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے حملوں میں فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں اور وہ ڈیوٹی پر واپس آ گئے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/iCR0KoL

0 Comments