واشنگٹن (28 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کو دھاندلی زدہ اور دنیا کے لیے مذاق قرار دے دیا۔
صدر ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ امریکا کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، چوری کی گئی، پوری دنیا میں امریکی انتخابات مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ہمیں انتخابات ٹھیک کرنے ہوں گے یا یہ ملک نہیں رہے گا، تمام ریپبلکنز شفاف انتخابات کے لیے لڑیں اور امریکا ایکٹ کو بچائیں، تمام ووٹرز کو ووٹر آئی ڈی ضرور دکھانی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے تمام ووٹرز کو شہریت کا ثبوت ضرور دکھانا چاہیے، جب کہ بیمار، معذور، فوجی یا سفر کے علاوہ کوئی میل ان بیلٹ نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو روئٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرٹ اولسن (وکیل اور سابق نیوی سیل) کو 2020 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور غیر ملکی مداخلت کے ثبوت تلاش کرنے کا کام سونپا۔ اولسن یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ ڈومینین ووٹنگ سسٹمز کی مشینیں ہیک ہوئی تھیں، لیکن پورٹو ریکو میں ہونے والی وفاقی تحقیقات میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
میں گھبرایا نہیں زندگی کو سمجھتا ہوں، ہم پاگل دنیا میں رہ رہے ہیں: ٹرمپ نے واقعے کی تفصیل بتا دی
اس کے بعد اولسن نے تحقیق کرنے والی کمپنی موجاوے ریسرچ انکارپوریشن پر الزام لگایا کہ وہ ان کے کام میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور خفیہ طور پر جارج سورس سے پیسے لے رہی ہے، جسے کمپنی نے رد کر دیا۔
بعد میں تحقیقات کو جارجیا اور ایریزونا تک بڑھا دیا گیا اور اس عمل میں سی آئی اے اور ایف بی آئی اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ کے ادارے کے وسائل استعمال کیے گئے۔ ناقدین کے مطابق، یہ اقدامات انتخابات کی ساکھ پر سوال اٹھانے کی کوشش ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹرمپ کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/fDmYjzo

0 Comments