ابوظہبی(2 اپریل 2026): اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایرانی کمیونٹی معاشرے کا اہم حصہ ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ملک میں مقیم ایرانی کمیونٹی سے متعلق سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر زیرِ گردش مختلف خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے ایرانی باشندوں کو اماراتی معاشرے کا ایک قابلِ احترام اور اہم حصہ قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایرانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کے سماجی تنوع اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
اماراتی حکام نے واضح کیا کہ ملک میں 200 سے زائد قومیتیں مکمل ہم آہنگی، رواداری اور بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت زندگی بسر کر رہی ہیں، جو یو اے ای کی عالمی شناخت ہے۔
اعلامیے میں رہائشی پالیسیوں کے حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ ملک میں تمام قوانین اور پالیسیز ایک منظم اور واضح قانونی فریم ورک کے تحت نافذ ہیں۔ تمام انتظامی فیصلے اور ضوابط بغیر کسی امتیاز کے سب کے لیے یکساں ہیں اور ان کا مقصد قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے تمام افراد کی سلامتی، فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اعلامیے کے مطابق یو اے ای ایک محفوظ اور مستحکم ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ملک اپنی دیرینہ رواداری اور پرامن بقائے باہمی کی اقدار پر سختی سے قائم ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/e4c827v

0 Comments