سعودی وزیر برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی انجینئر احمد الراجی نے خاندانی رہنمائی کی حکمت عملی پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
’فیملی گائیڈنس اسٹریٹیجی‘ کی لانچنگ 2024 فیملی فورم کے 7ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے دوران کی گئی، ریاض میں فیملی افیئرز کونسل نے اس پروگرام کو آرگنائز کیا جسے ’بدلتی ہوئی دنیا میں خاندان اور خاندان کی رہنمائی اپنے اندر ایک طاقت رکھتی ہے‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
تمام خاندانی اور معاشرتی تقاضوں کا احاطہ کرنے کے لیے اس ’فیملی گائیڈنس اسٹریٹجی‘ میں 12 سے زیادہ اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ یہ خاندانی رہنمائی (فیملی گائیڈنس) کے شعبے میں کام کرنے والوں کو بااختیار بنانے اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
اس کے علاوہ فیملی گائیڈنس اسٹریٹیجی کے تحت اس شعبے میں کام کرنے والوں کو اہل بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو فروغ بھی دیا جائے گا۔
فیملی گائیڈنس اسٹریٹیجی خاندانی تعلقات کو بہتر بنانے، تنازعات کو حل کرنے اور معاشرے اور خاندان کے لیے متعدد معیاری پروگراموں اور اقدامات کو منظم اور نافذ کرنے کے ذریعے معاشرے کی سوجھ بوجھ میں اضافہ کرتا ہے۔
اس گائیڈنس پروگرام کے تحت سعودی وزارت 2024 میں 500 پریکٹیشنرز کو لائسنس جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ 2030 کے آخر تک 4000 فیملی کونسلنگ پریکٹیشنرز تک پہنچ سکیں۔
انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت، فیملی کونسلنگ اسٹریٹیجی کے ذریعے، سماجی خدمات کی اثرپذیری اور کارکردگی کو بہتر بناتی ہے۔
سعودی ویژن 2030 اور وزارت کے سماجی ترقی کے منصوبے کے اہداف کو بھی ’فیملی گائیڈنس اسٹریٹیجی‘ کے تحت حاصل کیا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ خاندانی مشاورت کی حکمت عملی (فیملی کونسلنگ اسٹریٹیجی) کئی مراحل سے گزری جس میں اس شعبے میں بین الاقوامی اور علاقائی تجربات کے متعدد معیارات سے اس کا موازنہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں 12 سے زائد ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/KEiqtg4
0 Comments