کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 245 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شروع ہو چکی ہے، ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے محمود مولوی، ایم کیو ایم کے امیدوار معید انور، پی ایس پی کے سید حفیظ الدین، مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد اور ٹی ایل پی کے محمد احمد رضا مد مقابل ہیں۔
فاروق ستار آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں موجود ہیں، مجموعی طور پر سیٹ کے لیے 15 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ جب کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوئے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 245 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً 5 لاکھ ہے، جو امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، 203 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 60 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق انتخابی مراکز پر پولیس اور رینجرز اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں، جب کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے جوان بھی اسٹینڈ بائی ہیں۔
حلقے میں 5 ہزار سے زائد اہل کار سیکیورٹی فرائض پر مامور ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کا دستہ 10 اہل کاروں پر مشتمل ہے، جب کہ رینجرز سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہیں۔
بارش کے باعث جن پولنگ اسٹیشنز پر پانی تھا وہاں سے پانی نکالنے کے انتظامات بھی کیے گئے۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/72kj03n

0 Comments